راولپنڈی میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ گرفتار

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو راولپنڈی میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
عالیہ حمزہ نورانی محلہ میں پارٹی کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کے لیے پہنچی تھیں، جہاں پولیس نے انہیں حراست میں لے کر ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ عالیہ حمزہ کو گرفتار کر کے سول لائنز پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پارٹی کارکنان کو بھی رکھا گیا ہے۔
گرفتاری سے قبل عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ ہم پرامن طریقے سے جمع ہوئے ہیں، میں صرف 10 منٹ بات کرنا چاہتی ہوں، لیکن پولیس نے مجھے غیر قانونی طور پر گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق عالیہ حمزہ کے ہمراہ پی ٹی آئی کی ایک اور کارکن شمیم آفتاب کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ دونوں کو دیگر آٹھ کارکنان کے ساتھ سول لائنز پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی رہنما سیمابیہ طاہر کے مطابق، راولپنڈی میں آج یوتھ کنونشن ہو رہا تھا، جہاں سے عالیہ حمزہ کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانچ کارکنان کو ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن اور عالیہ حمزہ کو ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ہے۔
سیمابیہ طاہر نے بیان میں کہا کہ احتجاج کرنا یا کنونشن کا انعقاد ہمارا آئینی حق ہے، ہم نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔