پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن اور علیمہ خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

عددالت نے رؤف حسن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا۔

جسٹس انعام امین منہاس نے رؤف حسن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کر لی۔ رؤف حسن کو بیرون ملک سفر کی اجازت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ رؤف حسن کی درخواست پر قانون کے مطابق جلد فیصلہ کرے، وکیل کے مطابق رؤف حسن کینسر surviver ہیں جنہیں چیک اَپ کے لیے برطانیہ جانا ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ وکیل کے مطابق پٹیشنر پر ایف آئی اے کا مقدمہ ہے جس میں وہ ضمانت پر ہیں، وکیل نے دلائل دیے کہ محض مقدمہ درج ہونے پر کسی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا بلا جواز ہے۔ وکیل کے مطابق رؤف حسن کا ہر چھ ماہ بعد یو کے میں چیک اَپ ہوتا ہے۔

فیصلے کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے 24 جولائی 2024 کو پٹیشنر کا نام پی سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے 26 اگست 2024 کو نام پی سی ایل میں شامل کر دیا، کریمنل کیس زیر التوا یا تفتیش جاری ہونا پٹیشنر کا نام پی سی ایل میں شامل کرنے کا جواز نہیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پٹیشنر اپنے خلاف درج مقدمہ میں ضمانت پر ہے اور ریاست نے ضمانت منسوخی دائر نہیں کی، وفاقی حکومت سے رؤف حسن پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی منظوری نہیں لی گئی۔ پاسپورٹ رولز کے مطابق ملک میں داخلے اور روانگی کو ریگولیٹ کرنے کی اتھارٹی وفاقی حکومت کے پاس ہے۔

دوسری جانب، اسلام آباد ہائی کورٹ نے علیمہ خان کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کا بھی حکم دے دیا۔

عدالت نے علیمہ خان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے علیمہ خان کو بیرون ملک جانے کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم بھی دیا۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے علیمہ خان کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ وکیل ایڈووکیٹ علی بخاری، خالد یوسف چوہدری اور نیاز اللہ نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔