پنجاب میں لڑکی کو زبردستی نکاح کیلئے لے جانے کی ویڈیو وائرل، عوام میں شدید غم و غصہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب کے ضلع بہاولنگرکی تحصیل فورٹ عباس کے نواحی قصبے شہباز والا میں واقع 28 والا پھاٹک کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔
ویڈیو میں ایک کم عمر لڑکی کو زبردستی موٹرسائیکل پر بٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ وہ مسلسل مزاحمت کرتی اور چیختی چلاتی دکھائی دیتی ہے۔
عینی شاہدین اور ابتدائی معلومات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مبینہ طور پر لڑکی کے والد اور چچا زاد بھائی نے اسے زبردستی ایک ایسے نکاح کے لیے لے جانے کی کوشش کی جس پر وہ راضی نہ تھی۔
ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی کو بازو سے پکڑ کر گھسیٹا جا رہا ہے اور زبردستی موٹرسائیکل پر بٹھایا جارہا ہے جبکہ اردگرد موجود لوگ بے بسی سے یہ منظر دیکھتے رہ گئے۔
واقعے کے منظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل شدید ہو گیا ہے۔
صارفین کی بڑی تعداد نے اس فعل کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگز کے ذریعے متاثرہ لڑکی کو انصاف دلوانے کی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔
یہ واقعہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے نہ صرف فوری اور موثر کارروائی کریں بلکہ مستقبل میں اس نوعیت کے جرائم کی روک تھام کے لیے قانون سازی، عوامی شعور اور متاثرہ افراد کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کا نظام بھی یقینی بنائیں۔
