مجھے کوئی سیاست نہ سکھائے، مجھے اچھی طرح سمجھ آتی ہے
پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے غضنفر بلور کا کہنا ہے کہ مجھے کوئی سیاست نہ سکھائے، مجھے اچھی طرح سمجھ آتی ہے۔غضنفر بلور نے پشاور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حاجی غلام احمد بلور کو والد کا درجہ دیتا ہوں۔پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ میرا ذاتی فیصلہ ہے، میرے خاندان میں کسی قسم کا تنازع نہیں میرا تعلق بزنس کمیونٹی سے ہے۔
غضنفر بلوچ نے مزید کہا کہ 2013 میں الیکشن لڑ چکا ہوں جو کہتے ہیں میں سیاسی نہیں، وہ میرے بعد سیاست میں آئے۔میں وزیراعظم عمران خان کی پالیسیز پر مکمل اعتماد کرتا ہوں۔وہ ملک کو ترقی نہ دیتے تو کے پی کے میں پی ٹی آئی کی دوبارہ حکومت نہ بنتی۔
یاد رہے کہ بلور خاندان کے سیاسی وارث غضنفر بلور پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان سے ملاقات میں غضنفر بلور نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، اس موقع پر تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش بھی موجود تھے۔
غضنفر بلور مرحوم بشیر بلور اور سابق وفاقی وزیر غلام بلور کے بھتیجے ہیں۔ ترجمان عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخواہ نے کہا کہ غضنفربلور غیر سیاسی ہیں۔ اے این پی میں شامل بلورخاندان پارٹی کےساتھ ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے کسی اہم عہدے پر موجود نہ تھے اور نہ ان کو کوئی ذمہ داری دی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی میں شامل بلور خاندان آج بھی پارٹی کے ساتھ مخلص ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی سے جب تعلق ہی نہیں تو حکمران جماعت تصاویر نکال کر خود کو دھوکہ دے رہے ہیں، غضنفر بلور کو اگر کوئی عہدہ پاکستان تحریک انصاف میں مل رہا ہے تو ہماری طرف سے نیک خواہشات ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ غضنفر بلور پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز کے سرکردہ رہنما بھی ہیں، وہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہ چکے ہیں۔
