پنجاب میں سردی کی شدت برقرار، کیا اسکولوں کی چھٹیوں میں مزید اضافہ ہورہا ہے؟

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے موسمِ سرما کی چھٹیوں میں مزید اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سردی کی شدت کے باوجود آئندہ ہفتے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
موسم سرما کی چھٹیوں میں مزید اضافہ ہوگا یا نہیں وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سوال کے جواب میں واضح کردیا۔۔۔۔۔۔۔ pic.twitter.com/XSYQX0FkxW
— DTE PUNJAB DSD (@DsdDte) January 15, 2026
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے میڈیا سے گفتگو کے دوران موسمِ سرما کی چھٹیوں میں ممکنہ توسیع سے متعلق سوال کے جواب میں کہا ہے کہ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور آئندہ ہفتے کے لیے چھٹیوں میں مزید اضافے کا کوئی ارادہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ والدین اور صحافی دونوں حیثیتوں میں عوام کی تشویش سمجھ میں آتی ہے، تاہم حکومت نے محکمہ ماحولیات اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر موسم کی پیش گوئیوں اور درجہ حرارت کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ وزیر تعلیم کے مطابق آئندہ ہفتے کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسکول کھولے جائیں گے۔
رانا سکندر حیات نے بتایا کہ اس وقت گوجرانوالہ میں درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ مری میں منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے، تاہم بچوں اور اساتذہ کی صحت کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام پہلوؤں کو دیکھنے کے بعد یہ طے پایا ہے کہ اگلے ہفتے کے لیے چھٹیوں میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی اور تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔
