مریم نواز کا کارنامہ: شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کی گمشدگی، گھر بیٹھے رپورٹ درج کرائیں

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی سہولت کا ایک اور انقلابی منصوبہ متعارف کراتے ہوئے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کی گمشدگی پر گھر بیٹھے رپورٹ درج کرانے کیلئے پنجاب پولیس پاکستان ایپ کا افتتاح کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئی ایپ کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے اپنی قیمتی دستاویزات بشمول شناختی کارڈز، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر اہم کاغذات کی گمشدگی کی رپورٹ آن لائن درج کرانے کی سہولت میسر آئے گی۔
شہری پولیس اسٹیشن یا خدمت مرکز جا کر قطار میں لگنے اور طویل انتظار کی کوفت سے بچ جائیں گے۔ حکام کا ماننا ہے کہ ایپ پر رپورٹ درج کروانے کے بعد شہریوں کو دستاویزات کی گمشدگی کی ایف آئی آر بھی گھر پر روانہ کردی جائے گی۔
حکام کے مطابق ایپ کے استعمال سے وقت اور وسائل دونوں کی بچت ممکن ہوگی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایپ کے افتتاح کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
خیال رہے کہ شناختی کارڈ سمیت دیگر دستاویزات کی گمشدگی پر ایف آئی آر کیلئے شہریوں کو طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کو جدت کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ نئی ایپ کے ذریعے عوام کو نمایاں آسانی میسر آئے گی۔
