بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور قید تنہائی کی صورتحال نہایت تشویشناک ہے،ایڈووکیٹ سلمان صفدر

لاہور (قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا ہے کہ ان کے مؤکل کی صحت اور قید تنہائی کی صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان صفدر نے بتایا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی وکالت کرتے چار سال ہو چکے ہیں، تاہم رواں سال اب تک صرف ایک ہی ملاقات ممکن ہو سکی ہے۔بانی پی ٹی آئی کے مطابق ان کی آنکھ میں کوئی بہتری نہیں آئی اور انہیں روزانہ تقریباً 22 گھنٹے قید تنہائی میں رکھا جاتا ہے، جو ان کے بقول ذہنی اذیت کے مترادف ہے۔جیل میں نہ انہیں ٹی وی، کتابیں یا دیگر سہولیات میسر ہیں اور نہ ہی وہ کسی سے بات چیت کر سکتے ہیں، یہاں تک کہ وکلاء تک رسائی بھی محدود کر دی گئی ہے۔ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی مسلسل قید تنہائی کو اذیت قرار دیتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل حکام کی جانب سے دی جانے والی یہ صورتحال کسی عدالتی حکم کا حصہ نہیں۔بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سات سال کی سزا سنائی جا چکی ہے، لیکن اس کے باوجود ان کا مقدمہ سماعت کے لیے مقرر نہیں ہو رہا۔
وکیل سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی قید تنہائی کے معاملے کو نہایت سنجیدہ قرار دیتے ہوئے فوری توجہ کا مطالبہ کیا۔
