جمعہ کی چھٹی ختم کر دی جائے گی ، تعلیمی ادارے جلد باقاعدہ شیڈول پر واپس آئیں گے،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات (Rana Sikandar Hayat)کا اسکولوں میں جمعے کی چھٹی کے حوالے سے اہم بیان آگیا ، جس میں کہا جمعہ کی چھٹی ختم کر دی جائے گی اور تعلیمی ادارے جلد باقاعدہ شیڈول پر واپس آئیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اسکولوں میں جمعہ کی چھٹی کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام خبروں کی تردید کر دی۔انہوں نے واضح کیا ہے کہ جمعہ کی چھٹی ختم کر دی جائے گی اور تعلیمی ادارے جلد باقاعدہ شیڈول پر واپس آئیں گے۔حکومتی پوزیشن واضح کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ جمعہ کی چھٹی مستقل نہیں کی جا رہی اور آنے والے ہفتوں میں اسے مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
صوبائی حکومت اس فیصلے کی واپسی کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔وزیر تعلیم نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ چھٹیوں میں کمی یا ان کے شیڈول کا حتمی فیصلہ 15 مئی کے بعد کیا جائے گا۔
اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی حتمی منظوری کے بعد ہی سامنے آئے گا۔خیال رہے عالمی سطح پر توانائی کے بحران اور پیٹرول و ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث تعلیمی اداروں میں جمعہ کی چھٹی متعارف کرائی گئی تھی،
جس کے تحت طلبہ کو جمعہ کے روز اسکول آنے کے بجائے آن لائن کلاسز لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔حکام کے مطابق یہ اقدام عارضی تھا اور اب حالات کا جائزہ لینے کے بعد تعلیمی اداروں کو دوبارہ باقاعدہ ہفتہ وار شیڈول پر بحال کیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert