پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم اور فیصلہ کن باب ہے جس نے دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کا دن قومی تاریخ میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ دشمن نے پاکستان کو کمزور سمجھتے ہوئے نقصان پہنچانے کی کوشش کی، مگر افواجِ پاکستان نے جس جرات، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت سے جواب دیا، اس کی مثال نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت میں افواجِ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور یہ ثابت کیا کہ ایک منظم اور مضبوط فوج کی موجودگی میں کوئی اندرونی یا بیرونی قوت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے عوام، بالخصوص نوجوان نسل، اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر ریاست کے خلاف سرگرم ہیں اور جو لوگ ان کی حمایت کرتے ہیں، وہ خود دیکھ لیں کہ ایسے اقدامات کے نتیجے میں ان کے حامیوں کو کس قدر نقصان اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ان کی شناخت بلوچ ہونے سے پہلے ایک پاکستانی کی ہے اور بلوچستان کے عوام کو بھی یہ حقیقت سمجھنی ہوگی کہ تشدد، نفرت اور ہتھیاروں کے ذریعے کوئی مثبت مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 1947 میں ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا جو تاریخی فیصلہ کیا، ہمیں اس پر فخر ہے اور یہی فیصلہ آج بھی ہماری قومی شناخت اور وحدت کی بنیاد ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو تعلیم، ترقی اور روشن مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے
صوبائی حکومت نے نوجوانوں کے لیے دنیا کے ممتاز تعلیمی اداروں، بشمول آکسفورڈ اور ہارورڈ یونیورسٹیوں، تک رسائی کے دروازے کھولے ہیں تاکہ بلوچستان کا نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انہوں نے حالیہ دورۂ تربت کے دوران اس امر کا مشاہدہ کیا کہ ایک منظم سازش کے تحت نوجوانوں کی ذہن سازی کی جا رہی ہے، تاہم بلوچستان کے باشعور عوام ایسی منفی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے مخصوص افراد کو ہیرو بنا کر ایک مصنوعی بیانیہ کھڑا کرنے کی کوشش کی، لیکن زمینی حقائق اور عوامی شعور نے ان عزائم کو ناکام بنا دیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آباد تمام اقوام اور برادریاں برابر کی شہری ہیں اور پنجابی برادری، جو صدیوں سے بلوچستان میں آباد ہے، اتنی ہی بلوچستانی ہے جتنی دیگر قومیتیں۔ صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے معرکۂ حق کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کو یقین دلاتی ہے کہ ان کے پیاروں کا مقدس خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ہر بچہ افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور پوری قوم متحد ہو کر “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کا نعرہ بلند کرتی رہے گی۔
