ملتان بورڈ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا

ملتان(قدرت روزنامہ) تعلیمی بورڈ ملتان نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات برائے سیکنڈ ایئر کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
بورڈ انتظامیہ کے مطابق امتحانات کا آغاز 20 مئی سے ہوگا جبکہ یہ سلسلہ 12 جون تک جاری رہے گا، امتحانات میں ایک لاکھ 40 ہزارسے زائد طلبہ وطالبات شرکت کرینگے، جن کیلئے شہربھرمیں 186 امتحانی مراکزقائم کئے جائیں گے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی عمل کوشفاف اورمنظم بنانے کیلئے حساس قراردیئے گئے مراکزکی نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں۔
تعلیمی بورڈ انتظامیہ نے بتایا کہ طلبہ کو رول نمبر سلپس اُن کے متعلقہ تعلیمی اداروں کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، جبکہ امتحانی مراکزمیں سکیورٹی اورنگرانی کے مؤثر انتظامات بھی مکمل کئے جا رہے ہیں تاکہ نقل اوردیگر بے ضابطگیوں کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
بورڈ حکام کے مطابق امتحانات کے دوران امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق پرسختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور تمام سپرنٹنڈنٹس کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
