اجازت کے بغیر میری تصویر کیوں استعمال کی؟ اداکارہ کا سام سنگ کیخلاف 15 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ

برطانیہ (قدرت روزنامہ)برطانوی گلوکارہ دعا لیپا نے ایک عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کے خلاف 15 ملین ڈالر کا ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا ہے، جس میں ان پر کاپی رائٹ اور ٹریڈ مارک قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دعا لیپا نے دعویٰ کیا ہے کہ سام سنگ نے ان کی اجازت کے بغیر ان کی تصویر اپنے ٹی وی کی مارکیٹنگ مہم میں استعمال کی، جس کے ذریعے کمپنی نے اپنی مصنوعات کی فروخت میں مبینہ طور پر فائدہ حاصل کیا۔

 

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ یہ تصویر 2024 کے آسٹن سٹی لِمٹس فیسٹیول میں ان کی پرفارمنس کے دوران لی گئی تھی، جو بعد میں سام سنگ ٹی وی باکسز پر استعمال کی گئی۔ گلوکارہ کے وکلاء کے مطابق تصویر کا کاپی رائٹ ان کے پاس موجود ہے۔

دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ دعا لیپا کو اس استعمال کا علم نہیں تھا اور نہ ہی انہوں نے اس کی اجازت دی۔ جیسے ہی انہیں اس معاملے کا علم ہوا، انہوں نے کمپنی سے تصویر ہٹانے کا مطالبہ کیا، تاہم دعویٰ کیا گیا ہے کہ سام سنگ نے یہ درخواست مسترد کردی۔

مقدمے کے مطابق کمپنی نے اس تاثر کو فروغ دیا کہ دعا لیپا نے ان کی مصنوعات کی توثیق کی ہے، جو حقیقت کے برعکس ہے۔ گلوکارہ کے وکلاء کا کہنا ہے کہ وہ اپنے برانڈ کے حوالے سے انتہائی محتاط ہیں اور محدود اشتہاری معاہدے کرتی ہیں۔

 

مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے مختلف ردعمل دیا، جن میں بعض افراد نے متاثر ہو کر ٹی وی خریدنے کا فیصلہ کیا۔

مقدمے میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی، ٹریڈ مارک قوانین اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے امیج رائٹس قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert