پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹیز کی طلب میں نمایاں اضافہ

لاہور(قدرت روزنامہ)پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹیز کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جبکہ مارکیٹ میں بعض ماڈلز کی قلت کے سبب ’اون منی‘ بھی وصول کی جانے لگی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی تیل بحران کے اثرات پاکستانی آٹو سیکٹر پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔ اسی تناظر میں ملک کی معروف ٹریکٹر ساز کمپنی ملت ٹریکٹرز نے الیکٹرک بائیک کی تیاری کے امکانات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو بتایا کہ اس کے گروپ کی ایک کمپنی پاکستان میں ای وی بائیک منصوبے پر ابتدائی سطح پر غور کررہی ہے۔

 

سوشل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ بعض ای وی بائیک اسمبلرز نے اپریل کے دوران 15 ہزار سے زائد یونٹس فروخت کیے، جبکہ کچھ کمپنیوں کی فروخت 5 ہزار یونٹس تک رہی۔ تاہم موٹر سائیکل سیکٹر کے ماہر محمد صابر شیخ نے ان اعداد و شمار کو مبالغہ آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مارچ اور اپریل میں ملک بھر میں تقریباً 30 ہزار الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹیز فروخت ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کے لیے اسمبلرز نے گزشتہ چند ہفتوں میں پرزہ جات درآمد کرنے کے لیے مزید لیٹر آف کریڈٹ کھولے ہیں۔ بعض مقبول ماڈلز پر 10 سے 15 ہزار روپے تک ’اون منی‘ وصول کی جارہی ہے۔

دوسری جانب چیری ماسٹر پاکستان بھی مقامی مارکیٹ میں نئے ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کے ماڈلز متعارف کرانے پر غور کررہی ہے، جن میں ’ٹیگو 4 ایچ ای وی‘، ’کیو کیو بی ای وی‘ اور ’ٹیگو وی‘ شامل ہیں۔

ادھر پاک سوزوکی نے نئی ’سوزوکی فرنکس‘ کراس اوور گاڑی کی مختلف اقسام کی ابتدائی قیمتوں کا اعلان بھی کردیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert