پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ جاری، پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی پر 100 ویں پوزیشن پر آگیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ جاری کرنے والے ادارے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے رواں ماہ کے لیے بین الاقوامی پاسپورٹ رینکنگ جاری کردی ہے، جس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ تنزلی کے باوجود 30 ممالک میں ویزا فری سہولت کا حامل ہے۔گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہینلے پاسپورٹ انڈیکس مئی 2026 میں پاکستانی پاسپورٹ میں تنزلی دکھائی گئی ہے تاہم جن ممالک کے لیے فری ویزا سہولت ہے وہ برقرار ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی رواں سال فروری میں بہتر ہو کر 97 ویں پوزیشن پر آگئی تھی جس کے بعد جنوری میں 98 اور 2025 میں 103 پوزیشن تھی لیکن اب 100 ویں نمبر آگئی ہے۔پاکستانی پاسپورٹ میں تنزلی کے باوجود دنیا کے 30 ممالک کے لیے ویزا فری سروس یا الیکٹرونک ٹریول آتھارائزیشن (ای ٹی اے) نظام تک رسائی جاری رہے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ فروری 2026 میں پاکستانی شہریوں کو 32 ممالک تک رسائی حاصل تھی جبکہ جنوری میں 31 تھی تاہم یہ تبدیلی گیمبیا کی دوبارہ شمولیت کے باعث ہوئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ مئی 2026 میں یہ سہولت مزید محدود ہوئی اور 30 ممالک کی سطح پر آگئی ہے، جس میں عالمی سطح پر ویزا پالیسیوں میں ردوبدل اور دو طرفہ سفری انتظامات میں تبدیلی کی عکاسی ہے۔پاکستان کو جن ممالک میں ویزا فری سروس میسر ہے، ان میں بارباڈوس، کوک آئس لینڈ، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسیراٹ، روانڈا، سینٹ وینسنٹ اینڈ گرینیڈائنز، گیمبیا، ٹرینڈاڈ اینڈ ٹوبیگو اور وینواٹو شامل ہے۔ویزا آن ایرائیول کی سہولت برونڈی، کمبوڈیا، کیپ ویرڈے آئس لینڈ، کومورو آئس لینڈ، ڈی جبوتی، گینی بساؤ، مڈغاسگر، مالدیپ، نیپال، نیئو، پالاؤ آئس لینڈ، ساموا، سینیگال، سیرالیون، ٹیمرلیسٹے اور ٹوویلو میں دستیاب ہے۔

ای ٹی اے کے حامل ممالک کینیا، سیچیلس اور سری لنکا شامل ہیں جہاں الیکٹرونک ٹریول اتھارائزیشن (ای ٹی اے) درکار ہے۔خیال رہے کہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے اعداد و شمار کی بنیاد پر 227 میں سے 199 پاسپورٹس کی درجہ بندی کرتا ہے تاہم ان ممالک کی درجہ بندی اس وقت تبدیل ہوتی ہے جب کسی ملک کی ویزا پالیسی میں تبدیلی کی جاتی ہے جس کے باعث عالمی سفری انتظامات مسلسل بدلتا ہوا محرک بن جاتا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ پاسپورٹس کی درجہ بندی میں تبدیلی کا مطلب سفری آزادی میں یک دم تنزلی کے بجائے عالمی سطح پر پالیسی میں تبدیلی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاسپورٹ کی درجہ بندی میں ردوبدل کے باوجود پاکستانی شہری درجنوں ممالک میں داخلے کے لیے حاصل رعایتی نظام سے مستفید ہو رہے ہیں اور انہیں مختصر سفر کے لیے سہولیات برقرار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert