کسی بھی شرپسند کو ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فیلڈ مارشل

ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام تک دہشتگردوں کے خلاف جنگ پوری قومی قوت اور بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی، شہداء اور غازی اس قوم کا دائمی فخر ہیں؛ عسکری اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) راولپنڈی میں عسکری اعزازات دینے کی پروقار تقریب ہوئی جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کی ماؤں کو سلیوٹ کیا اور ان کے بچوں کو گلے لگایا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں وطنِ عزیز کے دفاع اور بقا کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دینے والے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے شہداء کی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازی اس قوم کا دائمی فخر ہیں اور پاکستان میں آج جو امن و سلامتی قائم ہے، اس کا پورا سہرا ہمارے شہداء کی عظیم قربانیوں اور فرض شناسی کو جاتا ہے، پوری قوم ان کے صبر، استقامت، وقار اور ان کے پیاروں کی عظیم قربانیوں کو دل سے سلام پیش کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں ملک دشمن عناصر کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے یکجا ہیں، ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ پوری قومی قوت اور بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی، اور کسی بھی شرپسند کو ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ اس موقع پر مختلف آپریشنز کے دوران وطنِ عزیز کی خاطر غیر معمولی بہادری، شجاعت اور نمایاں خدمات انجام دینے پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو اعلیٰ ترین عسکری اعزازات سے نوازا گیا، 50 ستارہِ امتیاز (ملٹری) پاک فوج کے افسران کو ان کی شاندار کارکردگی اور طویل نمایاں خدمات پر عطا کیے گئے، 12 تمغۂ بسالت میدانِ جنگ میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں اور افسران کو دیئے گئے، جو جوان اور افسران ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے، ان کے اعزازات بعد از وفات ان کے اہلخانہ نے انتہائی وقار اور فخر کے ساتھ وصول کیے۔

WhatsApp
Get Alert