لبیک اللھم لبیک: حج کے رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کیلئے لاکھوں حجاج میدانِ عرفات پہنچ گئے

سعودی عرب (قدرت روزنامہ)حج کے مقدس مناسک جاری ہیں اور دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام آج حج کے رکنِ اعظم ’’وقوفِ عرفہ‘‘ کی ادائیگی کیلئے میدانِ عرفات میں جمع ہوں گے۔
مکہ مکرمہ سے حجاج کرام قافلوں کی صورت میں منیٰ پہنچے جہاں انہوں نے نمازِ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کیں۔ عازمینِ حج نے منیٰ میں رات عبادات، ذکر و اذکار اور تلاوتِ قرآن پاک میں گزاری جبکہ ہر طرف ’لبیک اللھم لبیک‘ کی روح پرور صدائیں گونجتی رہیں۔
آج 9 ذوالحجہ کو حجاج کرام میدانِ عرفات میں جمع ہو کر خطبۂ حج سنیں گے، جو مسجد نمرہ سے دیا جائے گا۔ اس موقع پر ظہر اور عصر کی نمازیں قصر کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
میدانِ عرفات میں حجاج غروبِ آفتاب تک دعاؤں، توبہ استغفار اور عبادات میں مصروف رہیں گے۔ وقوفِ عرفہ کو حج کا سب سے اہم رکن قرار دیا جاتا ہے اور اس لمحے کو مسلمانوں کیلئے انتہائی بابرکت سمجھا جاتا ہے۔
غروبِ آفتاب کے بعد عازمینِ حج مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے۔ مزدلفہ میں مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی جبکہ جمرات کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں بھی جمع کی جائیں گی۔
10 ذوالحجہ کو حجاج دوبارہ منیٰ واپس پہنچیں گے جہاں بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی اور حلق یا قصر کیا جائے گا، جس کے بعد احرام کھول دیا جائے گا۔ بعد ازاں حجاج مسجد الحرام جا کر طوافِ زیارت ادا کریں گے۔
سعودی حکومت نے شدید گرمی اور گردوغبار کے خدشات کے پیش نظر حجاج کے تحفظ اور سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ میدان عرفات اور اطراف میں سایہ دار شیڈز، جدید کولنگ فینز اور پانی کی پھوار والے سسٹمز نصب کیے گئے ہیں تاکہ درجہ حرارت کم رکھا جا سکے۔
حکام کے مطابق حجاج کی آسانی کیلئے خصوصی راہداریاں بھی تیار کی گئی ہیں جنہیں جدید اور نرم مٹیریل سے بنایا گیا ہے تاکہ پیدل چلنے میں کم تھکن محسوس ہو۔
