کے پی میں فارورڈ بلاک پروپیگنڈا ہے، جب تک عمران خان کا نیا پیغام نہیں آتا، میں ہی وزیراعلیٰ رہوں گا: سہیل آفریدی


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کے پی میں فارورڈ بلاک کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ پروپیگنڈا اس لیے کیاگیاکہ وفاقی بجٹ میں ایک بار پھرعوام کا خون چوسا جائےگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت فقط بانی پی ٹی آئی ہی ختم کر سکتے ہیں، جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کوئی نیا پیغام نہیں آئے گا، میں ہی وزیراعلیٰ رہوں گا۔
سہیل آفریدی بولے عمران خان نےکہا تھاکہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہوگا تو دنیاکی کوئی طاقت اسے تبدیل نہیں کرسکتی۔
بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ کے پی حکومت نےکابینہ سے بجٹ پیپر پاس کرالیا ہے، ہم نے کوئی سرپلس بجٹ نہیں دیا،کے پی حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارا سارا فوکس صحت، تعلیم، زراعت، نوجوان اورجنگلات پر ہے، ہم اپنے بجٹ میں بہت اچھی اور عوام دوست چیزیں لارہے ہیں، وفاقی بجٹ کا اثر سارے صوبوں بشمول گلگت بلتستان پر پڑے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشل منتقل کرنے کا بھی مطالبہ کردیا۔
سہیل آفریدی نےکہا ہم چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کی فیملی اور ذاتی معالج کی موجودگی میں ہو، ان کے مقاصد کچھ اور ہیں اس لیے یہ ملنے نہیں دے رہے، مجھے اگر نہیں ملنے دیتے تو کم ازکم فیملی کو ملنے دیا جائے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل سے واپسی پر بھی میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ آج بھی بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے ملاقات نہیں ہونے دی گئی، پنجاب حکومت، جیل انتظامیہ کی وجہ سے بانی کی آنکھ میں مسئلہ ہوا۔
انہوں نے کہا ملاقات کیلئےکل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کرنے جارہے ہیں، اُمید ہے اس دفعہ ہمیں ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں، میری اور وزیرخزانہ کی بانی سے ملاقات ہو تاکہ بجٹ کی اپروول لے سکیں۔
سہیل آفریدی نے دھمکی دی کہ دیوار سے لگانے کی کوشش ہوئی تو 10جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے اور وفاقی بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ محسن نقوی سے ملاقات بیرسٹر گوہر کے کہنے پر ہوئی، بانی نے کہا تھا کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے، سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں اگر کرپشن ہورہی ہے تو ثبوت لائیں۔

WhatsApp
Get Alert