محرم الحرام کے دوران امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے محرم الحرام کے دوران قیام امن، سیکیورٹی انتظامات اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایک جامع ایمرجنسی رسپانس پلان تیار کر لیا گیا ہے جبکہ متعلقہ سیکیورٹی آرڈرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے کے 6 اضلاع کو حساس اور 11 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کی حفاظت کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے سمیت نگرانی کے مؤثر نظام کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے، مؤثر ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے پیشگی اقدامات، مسلسل نگرانی اور بروقت ردعمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو محرم الحرام کے دوران پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے مختلف مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور مذہبی رہنماؤں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ان کا کردار قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کے فروغ سے ہی امن و استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ امن خراب کرنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے یا اشتعال انگیزی پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی امور کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے اور عوام کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے۔
