ممتاز تاجر ہاشم خان نورزئی کا دن دھاڑے قتل، حکومت امن و امان قائم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، جے یو آئی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے معروف ریسٹورنٹ کابل جان کے مالک اور ممتاز تاجر ہاشم خان نورزئی کی ائیرپورٹ روڈ کی حدود میں دن دھاڑے شہادت پر گہرے افسوس اور شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو شہر کی خراب امن و امان کی صورتحال اور حکومت کی غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کاروباری اور تاجر شخصیات کا سرِ عام قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے امن و امان کے قیام میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، اور یہ سازش براہ راست صوبے کی معاشی حالت کو نشانہ بنا رہی ہے جو پہلے ہی تباہی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے حکومت سے فوری مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور تاجر برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ترجمان نے کہا ہے کہ امن و امان کے حوالے سے جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے قائدین نے ہمیشہ حکومت اور انتظامیہ کو متوجہ کرنے کی کوشش کی مگر افسوس وہ اس حوالے سے ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممتاز تاجر ہاشم خان نورزئی کی دن دھاڑے بے دردی سے شہادت صرف قابل افسوس ہی نہیں بلکہ صوبائی حکومت کی امن و امان قائم کرنے میں کھلی ناکامی کا واضح ثبوت ہے، اور جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر حکومت سے شہر میں پائیدار امن کے فوری قیام کا پرزور مطالبہ کرتی ہے۔
