شعیب اختر میچ چھوڑ کر ماں کو آٹا دینے کیلئے آگیا تھا: اداکار سہیل احمد کا انکشاف

لاہور (قدرت روزنامہ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی ماں سے لازوال محبت کے حوالے سے معروف اداکار سہیل احمد نے دلچسپ قصہ سنایا۔ شعیب اختر کی والدہ کا انتقال 26 دسمبر 2021ء کو ہوا جس کی اطلاع کرکٹر نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے دی۔ شعیب اختر کی والدہ کے انتقال کے بعد سہیل احمد نے نجی ٹی وی کے ایک شو میں کرکٹر کی ان کی ماں کے لیے لازوال محبت کے بارے میں بتایا۔
سہیل احمد نے کہا کہ میں شعیب کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، میرا ان کے گھر دو سے تین مرتبہ آنا جانا ہوا ہے، میں یہ بات جوان نسل کو بتانا چاہتا ہوں کہ عملی طور پر جس طرح ماں سے محبت اور خدمت شعیب اختر نے کی ہے وہ بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی خدمت کی ایک مثال دیتا چلوں جو ایک مرتبہ ثقلین مشتاق نے سنائی تھی، انہوں نے بتایا تھا کہ انگلینڈ میں میچز ہورہے تھے تو شعیب ہمیں وہاں چھوڑ کر ماں کو آٹا دینے آگیا تھا۔

سہیل احمد نے کہا کہ یہ لوگ کوئی دو آٹے مِلا کر کھاتے تھے جو شعیب ہی لاکر دیتا تھا، فون پر باتوں کے دوران ان کی والدہ نے کہہ دیا کہ آٹا ختم ہوگیا ہے، تو وہ میچ چھوڑ کر آٹا دینے آگیا۔ اداکار نے کہا کہ شعیب نے ماں سے محبت کے صرف دعوے نہیں کیے بلکہ حقیقی عشق کیا وہ ماں کا تابعدار بچہ تھا۔