پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے پہلی بار سیلاب کی بروقت پیشگی اطلاع اور نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے پہلی بار سیلاب کی بروقت پیشگی اطلاع اور مؤثر نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ سسٹم شروع کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے اہم بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈورکس کی ڈرون کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح، بہاؤ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔
حکام نے بتایا کہ سیف سٹی کے جدید ڈرونز کی مدد سے مختلف دریاؤں، ہیڈورکس اور بیراجوں میں پانی کی سطح کی نگرانی کی جا رہی ہے، جس سے سیلابی ریلوں کی آمد کی بروقت نشاندہی اور متعلقہ اداروں کو فوری آگاہ کرنا ممکن ہوگا۔
پاکپتن میں دریائے راوی اور دریائے ستلج پر ڈرون مانیٹرنگ کے دوران پانی کی سطح اور کناروں کے کٹاؤ کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا۔
اسی طرح سرگودھا میں دریائے چناب پر طالب والا پل، خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج، ساہیوال کے علاقے کتب شہانہ، سیالکوٹ کے ہیڈ مرالہ اور منڈی بہاؤالدین کے رسول بیراج پر بھی ڈرون کے ذریعے پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ساہیوال کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہیڈ مرالہ سیالکوٹ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ ڈرون مانیٹرنگ کے ذریعے سیلابی صورتحال پر بروقت نظر رکھنا، بہتر منصوبہ بندی کرنا اور ضرورت پڑنے پر فوری اقدامات کرنا آسان ہوگا۔
