این-40 پر کانوائے کو تین مقامات پر حملے، ٹرک نذرِ آتش، مختلف مقامات پر فائرنگ

تینوں واقعات کے بعد شاہراہ پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں


دالبندین (ڈیلی قدرت کوئٹہ) این-40 پر کانوائے کو تین مقامات پر حملے، ٹرک نذرِ آتش، مختلف مقامات پر فائرنگ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تفصیلات کے مطابق ضلع چاغی میں این-40 شاہراہ پر کانوائے کو مختلف مقامات پر پیش آنے والے تین الگ الگ واقعات میں نامعلوم مسلح افراد نے حملے کیے، تاہم سیکیورٹی اقدامات کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مزنگ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے کانوائے سے آگے موجود ایک ٹرک کو نذرِ آتش کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جلایا گیا ٹرک کانوائے کا حصہ نہیں تھا۔ واقعے کے بعد کانوائے کچھ دیر کے لیے رکا رہا، تاہم بعد ازاں اپنی منزل پداگ کی جانب روانہ ہو گیا۔ کانوائے میں شامل کسی بھی گاڑی کو نقصان نہیں پہنچا۔ دوسری جانب گزشتہ شب این-40 پر چہتر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے کانوائے پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک گاڑی کا ٹائر برسٹ ہو گیا۔ تاہم اس واقعے میں بھی کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور ضروری اقدامات کے بعد کانوائے نے اپنا سفر دوبارہ شروع کر دیا۔ ادھربروز پیر این-40 پر یک مچ کے قریب اسماعیل لانڈھی کے مقام پر نوکنڈی سے دالبندین اور دالبندین سے نوکنڈی جانے والے کانوائے پر بھی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی فائرنگ کی گئی، جس پر مسلح افراد فرار ہو گئے۔ اس واقعے میں بھی کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں واقعات کے بعد شاہراہ پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ علاقوں میں حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert