لانگ مارچ ایک دن کا نہیں، کئی دن بھی لگ سکتے ہیں، مکمل تیاری کے ساتھ اسلام آباد کا رخ کریں گے،شفیع جان


پشاور(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما شفیع جان کا کہنا ہے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا فیصلہ پارٹی اور اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ اتحادیوں کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں،مذہبی جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں،اسلام آباد لانگ مارچ ایک دن کا نہیں،کئی دن بھی لگ سکتے ہیں، مکمل تیاری کیساتھ اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا عمران خان کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پی ٹی آئی نے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔ عمران خان کے آئینی و قانونی حقوق سلب کیے گئے، ہمارے پاس لانگ مارچ کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا،پنجاب سمیت دیگر صوبوں کا رخ کر رہے ہیں، مختلف جامعات میں سیمینارز کا سلسلہ بھی شروع کر رہے ہیں،اقبال کے شاہین نوجوان اس تحریک کی قیادت کریں گے، تعداد لاکھوں میں ہوگی۔
شفیع جان نے مزید کہا موجودہ وفاقی حکومت کے خلاف سیاسی جماعتوں کے لیے پی ٹی آئی کے دروازے کھلے ہیں،حکومت سے چھٹکارا چاہتی ہے تو پیپلز پارٹی آئینی عہدے چھوڑ کر اپوزیشن میں بیٹھے،مینڈیٹ چور حکمرانوں کو اب عوام کی عدالت میں جواب دینا ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert