ہم 27 ستمبر کو پشاور سے 20 لاکھ لوگ لے کر نکلیں گے، شفیع جان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات خیبرپختونخواہ شفیع جان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 27 ستمبر کو پشاور سے 20 لاکھ افراد کے ساتھ اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی، ملک کے مختلف حصوں میں بھی احتجاج اور مارچ کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے انٹرویو دیتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخواہ سے بڑی تعداد میں کارکنان اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے، ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ایسی سرگرمیاں ہوں گی جن کے اثرات پورے ملک میں دکھائی دیں گے، منصوبہ بندی صرف ایک مقام تک محدود نہیں رکھی جا رہی بلکہ متعدد مقامات پر احتجاجی سرگرمیوں کا دائرہ پھیلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ہم 27 ستمبر کو پشاور سے 20 لاکھ لوگ لے کر نکلیں گے، شفیع جان کا بڑا دعویٰ pic.twitter.com/yBNbgypRwD
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) August 9, 2026
انہوں نے کہا کہ اس مارچ کو اگر کوئی روک سکتا ہے تو وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں، اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات ہوتی ہے اور عمران خان مارچ نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہیں تو پارٹی کارکنان اس فیصلے پر عمل کریں گے، 27 ستمبر تک پی ٹی آئی کی پوری قیادت اور وہ افراد بھی جو بیرون ملک بیٹھ کر وی لاگز کے ذریعے پارٹی کے معاملات پر بات کرتے ہیں، انہیں پاکستان واپس آکر متحد ہونا ہوگا، اب عام پاکستانیوں کو بھی میدان میں نکلنا ہوگا کیونکہ یہ آخری موقع ہے اور اس مرحلے پر غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے بھی ان سے رابطہ کیا ہے، تاہم اگر پیپلز پارٹی سے کوئی رہنما یا گروپ اس تحریک میں شامل ہونا چاہتا ہے تو اسے اپنے آئینی عہدے چھوڑنے ہوں گے، تحریک کی کامیابی کے لیے قیادت، کارکنوں اور عام شہریوں کا متحد ہونا ضروری ہے، آنے والے دنوں میں پارٹی کی جانب سے احتجاجی سرگرمیوں اور 27 ستمبر کے مارچ سے متعلق مزید حکمت عملی سامنے لائی جائے گی۔
