صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور دیگر صوبوں کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہوں، مریم نواز

کراچی اور سندھ کے عوام کی پریشانیوں کو بھی دل سے محسوس کرتی ہوں، رحیم یار خان کے نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان مزید وسیع کیے جارہے ہیں؛ وزیراعلیٰ پنجاب کی وفد سے ملاقات میں گفتگو


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں معیارِ تعلیم بہتر بنانے، اساتذہ کی تربیت، جدید نصاب اور تعلیمی اداروں میں نئی تدریسی سہولیات کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے پنجاب میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے نواز شریف سکول آف ایمیننس منصوبے کو قابلِ تحسین قرار دیا، ملاقات کے دوران آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے فروغِ تعلیم کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کی پیشکش کی، جس کا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خیر مقدم کیا، اس موقع پر نواز شریف سکول آف ایمیننس میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے نصاب کا آزمائشی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وفد کی جانب سے بتایا گیا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس اساتذہ کے لیے جدید تدریسی طریقہ کار پر مبنی ڈیجیٹل تربیتی پروگرام، استعداد کار میں اضافے کے منصوبوں، تدریسی رہنما کتاب اور دیگر تعلیمی امور میں معاونت فراہم کرے گا، وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں تعلیم کا معیار حیران کن حد تک اعلیٰ ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے محکمہ تعلیم پنجاب کے ساتھ اشتراکِ کار کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبے میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب صورتحال تبدیل ہورہی ہے اور لوگ سرکاری سکولوں میں اپنے بچوں کے داخلوں کے لیے بھی کوشاں نظر آتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور دیگر صوبوں کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہوں، کراچی اور سندھ کے عوام کی پریشانیوں کو بھی دل سے محسوس کرتی ہوں، رحیم یار خان کے نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان مزید وسیع کیے جارہے ہیں تاکہ انہیں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔

WhatsApp
Get Alert