صفائی ستھرائی کے بعد پنجاب کے تمام شہروں میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنا کا عزم ہے. مریم نواز

صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، مسلم لیگ نون نے ہی ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹرویز کا جال بچھایا، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں نکاسی آب، سیوریج سسٹم اور سڑکوں کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں. وزیراعلی سے ارکان اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ضلع کی عوامی ضروریات، ترقیاتی منصوبوں اور جاری پروگرامز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا. ارکان اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی پر وزیراعلی مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی اور ضلع اٹک میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ارکان اسمبلی نے بتایا کہ پی او ایف سنجوال تا حضرو اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈھوک فتح سے اٹک خورد تک الیکٹروبس سروس چل رہی ہے، انہوں نے اٹک اور گرد و نواح کےلئے الیکٹروبس سروس کی فراہمی پر عوام کے مثبت ردعمل سے بھی وزیراعلی کو آگاہ کیا.
ارکان صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ خواتین، طلبہ اور بزرگوںکےلئے مفت سفری سہولت خوش آئند اقدام ہے، جبکہ مثالی گاﺅ ں پراجیکٹ کے تحت دیہات کی اپ گریڈیشن بھی ایک انقلابی قدم ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبے اور تاریخی اقدامات دیگر صوبوں کےلئے مثال بن رہے ہیں. ملاقات کے دوران وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طرز پر صاف پانی کا منصوبہ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ان کا کہنا تھا کہ صفائی ستھرائی کے بعد اب پورے پنجاب کے تمام شہروں میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنا ان کا عزم ہے.
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون نے ہی ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹرویز کا جال بچھایا انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں نکاسی آب، سیوریج سسٹم اور سڑکوں کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں.

WhatsApp
Get Alert