پنجاب اورخیبرپختونخوا میں آج سے بارشیں، مون سون کا نیا اسپیل شروع

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج سے مون سون کا آٹھواں اسپیل شروع ہوگیا۔ پی ڈی ایم اے نے پیشگوئی کی ہے کہ آج سے 5 ستمبر تک دونوں صوبوں میں بارشیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جن میں لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی شامل ہیں۔
پیشگوئی کے مطابق چکوال، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین اور جہلم میں بھی بارش ہوگی۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے شہروں چترال، سوات، دیر، بونیر، ملاکنڈ اور شانگلہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ گلیات اور مری سمیت دیگر پہاڑی سلسلوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ جبکہ شہروں میں مناسب نکاسئ آب نہ ہونے کی صورت میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں احتیاطی تدابیر اور ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
