اسلام آباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش، 16 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، پنڈی کی سڑکوں پر کشتیاں چل پڑیں

کئی آبادیوں کو فوری انخلاء کا الرٹ جاری، ریسکیو 1122 راولپنڈی کی ٹیموں نے شدید متاثرہ علاقوں میں فوری آپریشن شروع کرتے ہوئے 60 افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی اور موسلادھار بارش کے باعث بارش کا 16 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اس سے قبل ایسی تباہ کن بارش سال 2010ء میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق بارش رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی جو صبح 8 بجے تھمی، بارش کا پانی گھروں، دکانوں اور تجارتی مراکز میں داخل ہو گیا، آریہ محلہ کی وائرل ویڈیوز میں سڑکوں پر کشتیاں چلتی دکھائی دیں، پیرودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں، فوجی کالونی، اعوان کالونی، یونین کونسل 4 اور 5 کے ساتھ ساتھ راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی مکمل طور پر ڈوب گیا، شدید بارش کے باعث ایکسپریس وے پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔


بتایا گیا ہے کہ شمس آباد میں 197 ملی میٹر، نیو کٹاریاں 184 ملی میٹر، گولڑہ 157 ملی میٹر، پی ایم ڈی 146 ملی میٹر اور پیرودھائی میں 86 ملی میٹر بارش ہوئی، شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی آ گئی ہے؛ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 21 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد قریبی آبادیوں کو فوری انخلاء کا الرٹ جاری کر دیا گیا، ریسکیو 1122 راولپنڈی کی ٹیموں نے شدید متاثرہ علاقوں میں فوری آپریشن شروع کرتے ہوئے 60 افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔


معلوم ہوا ہے کہ ایمرجنسی صورتحال کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آج چھٹی کا اعلان کر دیا دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این دی ایم اے) نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں بشمول پنجاب، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کی پیشگوئی کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert