شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی، کوئٹہ میں مزید 27 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ
چین سے نئی الیکٹرک بسیں درآمد کی جائیں گی، خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کر دیے گئے

نئی بسوں کی سروس شروع ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید بہتر اور محفوظ ہوگا: محکمہ ٹرانسپورٹ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)صوبائی حکومت نے کوئٹہ شہر میں شہریوں کو بہتر اور جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف روٹس پر مزید 27 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کر لیا، بسیں چین سے درآمد کی جائیں گی۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کے مطابق کوئٹہ میں پرانی لوکل بسوں کی سروس بند ہونے کے باعث اندرونِ شہر شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اس وقت گرین اور پنک بسوں کے مختلف روٹس پر روزانہ ہزاروں شہری سفر کر رہے ہیں۔حکام کے مطابق شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کے پیش نظر صوبائی حکومت کی منظوری سے مزید 27 الیکٹرک بسیں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کی خریداری کے لیے ٹینڈر بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق چین سے منگوائی جانے والی نئی الیکٹرک بسیں کوئٹہ کے ان مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی جہاں فی الحال گرین اور پنک بس سروس فعال نہیں ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نئی الیکٹرک بسوں کی سروس شروع ہونے سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید بہتر ہوگا اور شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور جدید سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
