برطانیہ دنیا کا امیر اور ترقی یافتہ ملک ہے لیکن برطانوی ہائی کمشنر عشائیہ میں ٹیکسی میں آتی ہیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق گورنر محمد زبیر نے پاکستان کے حکمرانوں کی عیاشیوں اور شاہانہ لائف اسٹائل پر تنقید کی اور امیر اور غریب ملکوں کے حکمرانوں کے طرز زندگی کا فرق بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر لندن میں ایک عشائیے میں ٹیکسی میں آتی ہیں، جبکہ اسی تقریب میں ہمارے غیر منتخب حکمران مہنگی ترین گاڑیوں میں پہنچتے ہیں۔
اس کے باوجود کہ پاکستان تیسری دنیا کا ایک غریب اور ترقی پذیر ملک ہے جبکہ اس کے مقابلے میں برطانیہ پہلی دنیا کا ایک امیر اور ترقی یافتہ ملک ہے۔

یاد رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس لندن میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ، اعلیٰ حکام اور برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
عشائیے کی میزبانی پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی شرکت کی۔پاکستان ہاؤس لندن میں ہونے والی تقریب میں کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات اور تصاویر کا سلسلہ بھی جاری رہا، پاکستانی کمیونٹی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور آنے والے میچز میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ پوری قوم کی نظریں ٹیم پر ہیں، انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔تقریب میں میئر لندن صادق خان نے بھی شرکت کی اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی، انہوں نے کپتان بابر اعظم اور قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز کی تعریف کرتے ہوئے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

WhatsApp
Get Alert