پراپرٹی کی خریدوفروخت کرنے والوں کے لئے بڑی خوشخبری، نیا ڈیجیٹل نظام متعارف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)شہری اب رجسٹریشن آف ڈيڈز (ROD) پورٹل کے ذریعے اپنی رجسٹری کی کاپی آن لائن تلاش کرنے کے ساتھ اسے ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔ پورٹل پر رجسٹری کی تلاش، اکاؤنٹ بنانے اور ادائیگی کا عمل آن لائن مکمل کیا جاسکتا ہے۔
رجسٹری تلاش کرنے کا طریقہ
رجسٹری کی کاپی تلاش کرنے کے لیے پہلے متعلقہ ضلع اور تحصیل کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد دستیاب فلٹرز میں سے کسی ایک کے ذریعے ریکارڈ تلاش کیا جاسکتا ہے۔ ان میں خریدار، بیچنے والے یا کمیشن سے متعلق شناختی کارڈ نمبر، نام یا رجسٹری نمبر شامل ہیں۔
مطلوبہ معلومات درج کرنے کے بعد ’تلاش کریں‘ کے بٹن پر کلک کرکے دستیاب ریکارڈ دیکھا جاسکتا ہے۔
پورٹل کے مطابق یہ ریکارڈ ضلعی رجسٹری ریکارڈز کے اسکین شدہ ڈیٹا سیٹس پر مشتمل ہیں۔ اگر کسی شہری کی رجسٹری پورٹل پر موجود نہ ہو تو اسے پورٹل کے ذریعے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آن لائن رجسٹریشن کیسے کریں؟
رجسٹری تلاش کرنے کے لیے صارف کو پہلے پورٹل پر لاگ اِن کے آپشن پر جانا ہوگا۔ اگر صارف پہلے سے رجسٹرڈ نہیں تو ’رجسٹر کریں‘ کے بٹن کے ذریعے نیا اکاؤنٹ بنایا جاسکتا ہے۔
رجسٹریشن کے دوران درست ای میل ایڈریس فراہم کرنا ضروری ہے۔ اکاؤنٹ فعال کرنے کے لیے صارف کو تصدیقی ای میل موصول ہوگی، جس میں موجود لنک پر کلک کرنے کے بعد اکاؤنٹ فعال ہوجائے گا۔
اکاؤنٹ فعال ہونے کے بعد صارف لاگ اِن کرکے متعلقہ رجسٹری تلاش کرنے اور اس کی تفصیلات دیکھنے کے قابل ہوگا۔
رجسٹری کی کاپی کے لیے ادائیگی کا طریقہ
رجسٹری کی کاپی پرنٹ یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے مرحلے پر صارف کو چالان نمبر اور PSID فراہم کیا جائے گا۔ اس PSID کے ذریعے موبائل ادائیگی کی سہولت، بشمول جاز کیش اور ایزی پیسہ، استعمال کرتے ہوئے مقررہ فیس ادا کی جاسکتی ہے۔
ادائیگی مکمل ہونے کے بعد صارف پورٹل کے ذریعے رجسٹری کی کاپی ڈاؤن لوڈ کرسکے گا۔
پورٹل انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹریشن اور تلاش کے دوران درست معلومات فراہم کی جائیں۔ غلط یا جعلی معلومات استعمال کرنے کی صورت میں صارف کا اکاؤنٹ بلاک کیا جاسکتا ہے، جبکہ ادائیگی بھی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ہی کی جائے گی۔
آن لائن رجسٹری کی یہ سہولت شہریوں کو رجسٹری ریکارڈ تک رسائی کے لیے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کے بجائے گھر بیٹھے ریکارڈ تلاش کرنے اور متعلقہ دستاویز حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert