بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت

تمام ڈویژنز، اضلاع اور تحصیلوں کی سطح پر پارٹی تنظیمیں تشکیل دی جائیں، سردار ایاز صادق


تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال، مضبوط اور مثر بنایا جائے، تفصیلی رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کرنے کی ہدایت
مسلم لیگ (ن) کو نچلی سطح تک منظم اور فعال بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)کوئٹہ: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کا اہم اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، صوبائی وزرا اور ارکانِ اسمبلی نے شرکت کی۔اجلاس میں بلوچستان میں مسلم لیگ (ن)کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں، پارٹی کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر جمال شاہ کاکڑ نے صوبے میں پارٹی کی سرگرمیوں، تنظیمی صورتحال اور مستقبل کے اقدامات سے متعلق قیادت کو بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمال شاہ کاکڑ کو ہدایت کی کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن)کی تنظیم سازی کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کیا جائے اور تنظیم سازی مکمل ہونے کے بعد تفصیلی رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان کے تمام ڈویژنز، اضلاع اور تحصیلوں کی سطح پر پارٹی تنظیمیں تشکیل دے کر تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال، مضبوط اور مثر بنایا جائے۔اجلاس کے دوران پارٹی عہدیداروں اور ارکان کی جانب سے تنظیم سازی اور پارٹی کو نچلی سطح تک فعال بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں، جن پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر جمال شاہ کاکڑ نے پارٹی قیادت کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری کو ہر صورت پورا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کو نچلی سطح تک منظم اور فعال بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی مقررہ تین ماہ کی مدت کے اندر مکمل کرکے قیادت کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert