کراچی میں پولیس اہلکار کی سڑک پر چلتا رکشہ روک کر لڑکی کو دوستی کی پیشکش

رکشے میں موجود دوسری لڑکی نے موبائل فون کا کیمرہ آن کرلیا اور اہلکار کی گفتگو ریکارڈ کرکے ویڈیو وائرل کردی


کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں چلتی سڑک پر رکشہ روک کر اندر بیٹھی لڑکی کو مبینہ طور پر دوستی کی پیشکش کرنے والے پولیس اہلکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، اس واقعے کے بعد پولیس انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور اخلاقی معیار پر سنگین سوالات اٹھ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کی ایک مصروف شاہراہ پر پولیس اہلکار نے سڑک کے درمیان ایک رکشے کو زبردستی روکا اور اس میں سوار لڑکی کے ساتھ بات چیت شروع کردی، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار نے ناصرف رکشہ رکوا کر غیر متعلقہ گفتگو کی بلکہ مبینہ طور پر لڑکی کو دوستی کی پیشکش بھی کی، رکشہ رکتے ہی اندر موجود دوسری لڑکی نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے موبائل فون کا کیمرہ آن کرلیا اور پولیس اہلکار کی تمام تر نازیبا گفتگو اور حرکات کو موقع پر ہی ریکارڈ کرلیا۔


بتایا گیا ہے کہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا پولیس اہلکار مبینہ طور پر عزيز بھٹی تھانے میں تعینات ہے، سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آتے ہی شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی و صحافتی حلقوں میں توجہ کا مرکز بن گیا، شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس گردی اور خواتین کو ہراساں کرنے کے اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ اہلکار کے خلاف سخت ڈسپلنری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

WhatsApp
Get Alert