عمران خان کے خاندان پر حکمران اشرافیہ اور مقتدرہ نے کون سا ظلم نہیں کیا؟ سید اقرار الحسن

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی گرفتاری پر عوام راج پارٹی کے سربراہ معروف اینکر پرسن اقرار الحسن کا بھی شدید ردِعمل سامنے آ گیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں اقرار الحسن نے حکمران طبقے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ عمران خان کے خاندان پر حکمران اشرافیہ اور مقتدر حلقوں کی جانب سے کون سا ظلم ہے جو اب تک نہیں ڈھایا گیا؟ اپنے بے گناہ بھائی کی رہائی اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والی بہن علیمہ خان کو بھی بلاجواز حراست میں لے کر جیل منتقل کر دیا گیا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔
عمران خان کے خاندان پر حکمران اشرافیہ اور مقتدرہ نے کون سا ظلم نہیں کیا؟ اور اب اپنے بھائی کے لیے کوشش کرتی بہن کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔۔۔ اس ملک میں ہر آواز دبا دی گئی ہے، ہر حق پامال کر دیا گیا ہے۔ خدا کا خوف کریں، خلقِ خدا کا خوف کریں۔۔۔ pic.twitter.com/7XSVqDI38j
— Iqrar ul Hassan Syed (@iqrarulhassan) September 20, 2026
انہوں نے ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کے اندر ہر حق سچ کی آواز کو بزورِ طاقت دبایا جا رہا ہے اور شہریوں کے بنیادی و آئینی حقوق کو کھلے عام پامال کیا جا رہا ہے، اقرار الحسن نے اپنے بیان کے اختتام پر حکمرانوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقتدار کے زعم سے باہر نکلیں اور خدا اور اس کی بے بس خلق کے غضب سے ڈریں۔
