آئی فون ڈیو متعارف ہونے کے بعد سام سنگ زیڈ فولڈ 8 کی فروخت میں اضافہ

نیویارک(قدرت روزنامہ)ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے فولڈ ایبل آئی فون ڈیو متعارف کرائے جانے کے بعد جنوبی کوریا میں سام سنگ الیکٹرانکس کے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی فروخت میں غیر متوقع اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
آئی سی ٹی انڈسٹری کے مطابق ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کو اپنے پہلے فولڈ ایبل ماڈل کے اعلان کے بعد ایک ہفتے کے دوران جنوبی کوریا میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی فروخت گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 10 فی صد بڑھ گئی۔
صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ صارفین نے فولڈ ایبل فون خریدنے کا فیصلہ اس وقت تک مؤخر رکھا جب تک ایپل اپنی ڈیوائس متعارف نہیں کرا دی اور ایپل کے فولڈ ایبل فون سامنے آنے کے بعد ان صارفین نے سام سنگ کی ڈیوائس خریدنے کو ترجیح دی۔
ایپل کی فولڈ ایبل فون مارکیٹ میں آمد نے اس شعبے میں صارفین کی دلچسپی ضرور بڑھائی ہے لیکن قیمت اور دستیابی نے بھی خریداری کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
جنوبی کوریا میں دونوں فونز کی قیمتوں میں 10 لاکھ وون (تقریباً 720 ڈالر) سے زیادہ کا فرق ہے۔ 256 جی بی اسٹوریج والے آئی فون ڈیو کی قیمت 32 لاکھ 90 ہزار وون ہے، جو اسی اسٹوریج کے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی 22 لاکھ 80 ہزار وون قیمت سے 10 لاکھ 10 ہزار وون زیادہ ہے۔
آئی فون ڈیو کے سب سے مہنگے 2 ٹی بی ماڈل کی قیمت 50 لاکھ 90 ہزار وون مقرر کی گئی ہے۔
امریکا میں اسی اسٹوریج گنجائش والے دونوں ماڈلز کے درمیان قیمت کا فرق تقریباً 100 ڈالر ہے۔
