میدان نہیں چھوڑا، وزیراعظم کے پاکستان واپس آنے کا انتظار کررہے ہیں، حافظ نعیم الرحمان

وزیراعظم سے ملاقات میں اگر مناسب اور ریلیف پر مبنی اقدامات سامنے نہ آئے تو اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ملتان سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا؛ امیر جماعت اسلامی کی گفتگو


لاہور(قدرت روزنامہ)امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی نے میدان چھوڑا ہے نہ ہی پیچھے ہٹی ہے بلکہ مسلسل عوام کی حقیقی ترجمانی کر رہی ہے، حکومت اپنے شاہانہ اخراجات اور سیاسی رشوت ستانی بند کرکے عوام کو بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات میں فوری ریلیف فراہم کرے۔ اس حوالے سے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی و غیر سیاسی حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جماعتِ اسلامی پیچھے ہٹ گئی ہے، تاہم ایسی باتیں حقیقت کے برعکس ہیں، جماعتِ اسلامی کے مطالبات انتہائی سادہ اور واضح ہیں اور ہم وزیراعظم شہباز شریف کے غیر ملکی دورے سے واپسی کا انتظار کر رہے ہیں، وزیراعظم سے ملاقات میں اگر مناسب اور ریلیف پر مبنی اقدامات سامنے نہ آئے تو اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ملتان سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔
حکومتی فضول خرچیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے 11 ارب روپے کا نیا جہاز خریدا جا رہا ہے جو حکمرانوں کی ترجیحات اور بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ملک میں ڈھائی کروڑ موٹر سائیکل سوار روزانہ کی بنیاد پر پٹرول کی گرانی سے پس رہے ہیں، لیکن حکومت ہر نااہلی کا بوجھ عام آدمی پر ڈال دیتی ہے، اسٹیٹ بینک فوری طور پر پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کرے تاکہ کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو سہارا مل سکے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر سیاسی رشوت کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سیاسی وفاداریوں کے بدلے ارکانِ قومی اسمبلی کو اربوں روپے کے فنڈز اور مراعات کی صورت میں نوازا جا رہا ہے جو کہ کھلی سیاسی رشوت کے سوا کچھ نہیں ہے، حکومت اپنے شاہانہ اخراجات ختم کرے اور ایسی معاشی پالیسیاں مرتب کرے جس سے پسے ہوئے طبقات کو فوری اور عملی ریلیف مل سکے۔

WhatsApp
Get Alert