یہ غنڈوں کو لاہور لاکر نو مئی جیسا وقوعہ کرنا چاہتے ہیں، ڈی آئی جی آپریشنز


لاہور (قدرت روزنامہ) پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے سوشل میڈیا پر پرامن احتجاج کے بیانیے کے باوجود پسِ پردہ لاہور میں نو مئی جیسے پرتشدد واقعات کو دہرانے کے لیے غنڈوں کی باقاعدہ ٹریننگ اور انہیں شہر منتقل کرنے کا خطرناک منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ سوشل میڈیا پر یہ بیانات دیئے جا رہے ہیں کہ احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا، لیکن پولیس کو ملنے والے ایک اہم آڈیو ثبوت نے اس تمام تر بیانیے کی قلعی کھول دی۔
ان کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران امین نامی شخص کو گرفتار کیا، جس کے موبائل فون کے فارنسک جائزے سے ایک انتہائی حساس آڈیو ریکارڈنگ اور دیگر مواد برآمد ہوا، سامنے آنے والی آڈیو میں فاطمہ حیدر نامی پی ٹی آئی کی خاتون رہنما گرفتار ملزم امین سے گفتگو کرتے ہوئے 27 ستمبر کے احتجاج کے لیے 20 سے 30 غنڈوں کا مطالبہ کر رہی ہیں، آڈیو میں ان غنڈوں کو باقاعدہ ٹریننگ دے کر لاہور لانے اور پرتشدد کارروائیوں کے لیے تیار کرنے کا پلان زیرِ بحث ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ یہ شرپسند عناصر لاہور میں ان ٹرینڈ غنڈوں کو لا کر دوبارہ نو مئی جیسے ہولناک اور پرتشدد واقعات کی دہرائی کرنا چاہتے تھے، جبکہ آڈیو بنانے والی خاتون فاطمہ حیدر خود بھی نو مئی کے پرتشدد واقعات کی مرکزی نامزد ملزمہ ہیں۔
فیصل کامران نے واضح کیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث اور امن و امان خراب کرنے والے یہ شرپسند عناصر ملک اور ریاست کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں اور شہر کا امن تباہ کرنے، تشدد پھیلانے یا 9 مئی جیسی کسی بھی ناپاک کوشش کو پوری قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert