مری ڈویلپمنٹ پلان، 7 لاکھ گیلن اضافی پانی، آر ایم کے روڈ کی تکمیل کی ڈیڈ لائن مقرر

لاہور(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس ہوا، جس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ واٹر سپلائی کے 4 بڑے منصوبے مکمل ہونے سے مری کو 7 لاکھ گیلن اضافی پانی مل رہا ہے، جبکہ دریائے جہلم سے مری بلک واٹر سپلائی منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن دسمبر 2028 مقرر کی گئی ہے۔

بریفنگ کے مطابق دریائے جہلم سے مری تک 29.6 کلومیٹر پائپ لائن اور 7 پمپنگ اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے، منصوبے سے مری اور کوٹلی ستیاں کی ساڑھے 4 لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔

اجلاس میں راولپنڈی، مری، کشمیر روڈ (آر ایم کے) کی تعمیر، توسیع اور مرمت کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی، جبکہ مال روڈ پر ہل ویو پارک، 600 افراد کی گنجائش والے ایمفی تھیٹر اور فیملی پارک کی تعمیر سمیت مختلف سیاحتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مری کے بانسرا گلی وائلڈ لائف پارک میں ایلی ویٹڈ برج، نیچر ٹریل اور دیگر سہولیات کی تعمیر، مال روڈ کی تاریخی عمارتوں کی بحالی اور بجلی کی تاریں زیر زمین منتقل کرنے کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

WhatsApp
Get Alert