پنجاب میں پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کا آغاز، 5 ارب روپے کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پہلے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے معدنی اثاثے پنک سالٹ کو عالمی مارکیٹ میں خام مال کے بجائے پاکستانی برانڈ کے طور پر متعارف کرایا جائے گا، جبکہ اسکیم کے تحت کاروباری افراد کو 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔
مریم نواز شریف نے بلاسود قرضے حاصل کرنے والے 10 کاروباری افراد میں چیک تقسیم کیے اور ان سے بات چیت کی۔ انہوں نے پنک سالٹ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں دنیا بھر میں پاکستان کے نام سے متعارف کرانے پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ نے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کے تحت مزید لوگوں کو قرضے جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔
صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شیر علی گورچانی اور سیکرٹری معدنیات نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کے تحت 5 ارب روپے کے بلاسود قرضے دیے جارہے ہیں، جبکہ اسکیم کے تحت 5 کروڑ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔ اسکیم پر 1.456 ارب روپے کا سود حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 110 ایکڑ پر قائم قائدآباد پنک سالٹ پراسیسنگ یونٹ کو خصوصی صنعتی کلسٹر کے طور پر قائم کیا گیا ہے، جبکہ قائد آباد میں پنک سالٹ منرل پروسیسنگ زون میں 200 پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن یونٹس قائم ہوں گے۔
حکام کے مطابق پنک سالٹ منرل پروسیسنگ یونٹس سے 10 ہزار سے زائد افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ پنک سالٹ کی برانڈنگ، پیکنگ، مارکیٹنگ اور پراسیسنگ متعارف کرانے کے لیے ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن، برانڈنگ اور مصنوعات کے ذریعے سالانہ برآمدات 300 ملین تک بڑھائی جا سکتی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنک سالٹ پاکستان کی انفرادیت ہے، نمک ہمارا اور مزدوری ہماری ہے، لیکن دوسرے ملک فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ پنجاب سے کوڑیوں کے بھاؤ پنک سالٹ خرید کر سونے کے مول بیچا جارہا تھا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنک سالٹ پاکستان کا معدنی اثاثہ اور خزانہ ہے، عالمی مارکیٹ میں خام مال نہیں بلکہ پاکستان کا برانڈڈ پنک سالٹ بیچیں گے۔ پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم میں نئے اسٹارٹ اپس کے لیے نوجوانوں کی معاونت کی جائے گی جبکہ پنجاب میں ویلیو ایڈڈ پنک سالٹ مصنوعات کی عالمی مارکیٹ تک رسائی میں بھی مدد کی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کا پنک سالٹ پہاڑوں میں چھپے سونے کے مترادف ہے۔ ماضی میں سیاسی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ٹھیکے دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 5 دریاؤں میں بہنے والے پلسر گولڈ سے پنجاب کے عوام کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔
اس موقع پر کاروباری افراد نے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کو حکومت پنجاب کا شاندار منصوبہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
