بھارتی سیکیورٹی فورسز کی سرحد پر بلااشتعال فائرنگ، دو پاکستانی شہری شہید
بی ایس ایف نے نہتے پاکستانی شہریوں کو قصور میں بین الاقوامی سرحد کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا، تیسرا شہری زخمی ہوا

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بھارتی سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے قصور کے قریب پاک-بھارت سرحدی علاقے میں فائرنگ کردی، جس سے دو پاکستانی شہید اور ایک شہری زخمی ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاک بھارت بین الاقوامی سرحد(قصور) کے قریب تین پاکستانی شہریوں پر مبینہ طور پر فائرنگ کی، فائرنگ سے 2 نہتے پاکستانی شہری شہید ہوگئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے ہی بڑھے تو بی ایس ایف نے انہیں بغیر وارننگ ٹارگٹ کیا، بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری جاں بحق اور تیسرا زخمی ہوگیا اور تینوں شہری نہتے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شہریوں میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ کا تعلق لدھڑ کے علاقے جٹاں والی حویلی سے ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بھی فالس فلیگ آپریشن کی روش کو زندہ رکھتے ہوئے معصوم شہریوں کو درانداز قرار دے دیا جبکہ تینوں افراد میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے شہریوں پر فائرنگ کا واقعہ بارڈر معاہدہ اور ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
