وزیر اعظم نے اگلے ہفتے سعودی عرب جانے کی ذمہ داری سونپی ہے‘ وفاقی وزیر پیٹرولیم


لاہور (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اگلے ہفتے سعودی عرب جانے کی ذمہ داری سونپی ہے ،آج ملک اور خطے پر آزمائش کی گھڑی گزر رہی ہے ،خیبر پختو انخواہ میں دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ سے اپیل کرتا ہوں قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ،سیاست و جگت بازی کسی اور وقت بھی کر سکتے ہیں،حکومت کی طرف سے یقین دلاتا ہوں مشکل ترین حالات میں جیب و حیثیت سے بڑھ کرعام آدمی کے تحفظ کے لئے جو بھی قدم اٹھانا پڑا اٹھائیں گے۔
مغلپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کی قیادت جو کسی بھی صوبے سے تعلق رکھتی ہو آج اپنی عوام قوم کی سرحدوں کے تحفظ کیلئے سب کو اکٹھا ہونا پڑے گا، ہمیں بطور قوم ملکی قیادت کے پیچھے کھڑا ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے منہ میں خاک آج اتنی فکر ہے کہ کہیں ہم اپنی چھوٹی سیاست کیلئے کہیں ملک و ریاست کو کوئی ایسا نقصان نہ پہنچا دیں جس سے اگلی نسل کے آگے شرمندہ ہونا پڑے۔
انہوںنے کہا کہ ہمارے افسران اور جوان دہشتگردی کا مقابلہ کر رہے ہیں اور شہادتیں دے رہے ہیں ، ان کی قربانیوں کو مقدم کرکے عسکری قیادت کے ساتھ مل کر ملک کو آگے بڑھائیں، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے تہیہ کررکھا ہے پاکستان کو ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھنے کے لئے جس حد تک ریاست کو قدم اٹھانے پڑے ہم ملکی وقار کیلئے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ قوم کو آج خطے کی جنگ سے چیلنجز درپیش ہیں اس سے تحفظ دینے کے لئے بھی ذمہ دار انداز میں جو گنجائش نکال سکیں گے وہ نکالیں گے ،حکومت کی طرف سے یقین دہانی کراتا ہوں کہ مشکل ترین حالات میں جیب و حیثیت سے بڑھ کر عام آدمی کے تحفظ کے لئے جو قدم اٹھانا پڑا اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی نے بھی خطے کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے، حوثیوں نے ریاض کے پاس تیل کی تنصیبات پر حملہ کیا ہے،یمن باب المندب پر کشتیوں کی گزر گاہ پر رکاوٹ ڈالنے کے لئے کارروائی کی گئی ،مکہ معاہدہ کرنے والے شراکت دار پاکستان نہ صرف ان اقدامات کی بلند ترین آواز میں مذمت کرتا ہے بلکہ ترکیہ کے ساتھ مل کر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اگلے ہفتے سعودی عرب جانے کی ذمہ داری سونپی ہے ،سعودی توانائی کے وزیر سے ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کروں گا۔

WhatsApp
Get Alert