’بڑا رش ہے، بندے پہ بندہ چڑھا ہوا ہے‘، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر خواجہ آصف کا طنز

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات میں اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے لیے پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ شروع کردیا۔

لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ لکی مروت سے شروع ہوا جس میں اراکین پارلیمنٹ اور پارٹی کارکنان شریک ہیں۔ پہلے مرحلے میں لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور بنوں سے کارکنان قافلے میں شامل ہوئے۔

پی ٹی آئی کا قافلہ رات گئے ضلع کرک پہنچا جہاں شرکا نے رات قیام کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کرک میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے کیمپ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی۔
ویڈیو میں پی ٹی آئی کے کارکنان کو خیمے میں چٹائیوں پر سوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کارکنان کی کم تعداد پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے طنزیہ انداز میں لکھا ’بڑا رش ہے، بندے پہ بندہ چڑھا ہوا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کرک میں کیمپ صبح دو بجے۔‘

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اتوار کو لکی مروت سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا تھا۔ قافلہ رات گئے کرک پہنچا جہاں شرکا نے رات قیام کیا۔

منصوبے کے مطابق پیر کو کرک کے کارکنان کی شمولیت کے بعد لانگ مارچ کوہاٹ کی جانب روانہ ہونا تھا۔

WhatsApp
Get Alert