آئی ایم ایف نے پاکستان کو اسٹاف لیول معاہدے کے تحت 1.2 ارب ڈالر کی منظوری دے دی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق ادارے کے عملے نے پاکستان کے لیے 2026 کا چوتھا مشاورتی جائزہ مکمل کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ 37 ماہ کی ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی اور 28 ماہ کی ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی کے تحت بھی اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا ہے۔
اعلامیے کے مطابق معاہدہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری سے مشروط ہے۔
منظوری کی صورت میں پاکستان کو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی کے تحت تقریباً 21 کروڑ ڈالر دستیاب ہوں گے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے اثرات سے نمٹنے کے ساتھ مجموعی معاشی استحکام برقرار رکھا۔ خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک پاکستان کی دوبارہ رسائی کو ادارے نے ملکی پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت قرار دیا ہے۔ پاکستانکی تاریخ
تاہم آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی، توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، عالمی مالیاتی حالات میں سختی اور تجارت میں رکاوٹیں پاکستان کی معیشت کے لیے بدستور اہم خطرات ہیں۔
