ہمیں گورنرہاؤس کی حفاظت کا پتا ہے، مجھے پتا ہے کہ آپ لوگوں کو کیسے فکس کرنا ہے، فیصل کریم کنڈی

پشاور(قدرت روزنامہ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تحریک انصاف اور وزیراعلی سہیل آفریدی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں گورنرہاؤس کی حفاظت کا پتا ہے، مجھے پتا ہے کہ آپ لوگوں کو کیسے فکس کرنا ہے، میں ڈائیلاگ نہیں بولتا عملی اقدامات کرتا ہوں۔ انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈران کہتے ہم نہ ہوئے تو ورکرز آپ چلے جانا، تم کدھر چھپو گے ؟ جرات ہے تو پہلے لیڈر آجائیں ، ہمیں گورنرہاؤس کی حفاظت کا پتہ ہے اور مجھے پتہ ہے کہ آپ کو کیسے فکس کرنا ہے، ڈائیلاگ میں نہیں بولتا میں عملی اقدامات کرتا ہوں، مجھے پتہ ہے کہ آپ لوگوں کے ساتھ کیسے ڈیل کرنا ہے؟ اگر آپ لوگوں نے 9 جیسی کوشش کی تو پہلے 9 مئی کا داغ تو ابھی تک نہیں دھو سکے۔
پھر مجھے پتا کہ آپ لوگوں کے ساتھ کیسے نمٹنا ہے، آپ کو پتا چلے گا کہ کس کیساتھ واسطہ ہے، آپ پھر اپنی نسلوں کو بتائیں گے کہ اس قسم کی سیاست مت کرنا جمہوری سیاست کرنا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کرنا ہے، تاہم صوبے کی صورتحال پر رپورٹ طلب کی گئی تو وہ وفاق کو اپنی رپورٹ بھجوا دیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے حالات سب کے سامنے ہیں اور اگر وفاقی حکومت نے رپورٹ مانگی تو وہ موجودہ صورتحال سے متعلق اپنی رائے اور مشاہدات سے آگاہ کریں گے انہوں نے کہا کہ وفاق کے بغیر خیبر پختونخوا نہیں چل سکتا، لیکن صوبائی حکومت مسلسل وفاق کے ساتھ محاذ آرائی کی سیاست کر رہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے اور صدرمملکت و وزیراعظم ہی اس بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاق یہ سمجھے کہ صوبے کے حالات اس نوعیت کے ہیں تو فیصلہ بھی وہی کرے گا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ بطور گورنر جب چاہیں چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو طلب کر سکتے ہیں۔
