معروف تاجر حاجی سمیع اللہ کا سفاکانہ قتل صوبے میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر کھلا سوالیہ نشان ہے: رحمت صالح بلوچ اور پھلین بلوچ

شاہراہوں پر تاجروں اور عام مسافروں کی جان و مال غیر محفوظ، حکومت فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرے: نیشنل پارٹی


پنجگور(ڈیلی قدرت کوئٹہ)نیشنل پارٹی کے رہنما و رکنِ صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ اور نیشنل پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ نے انجمن تاجران پنجگور کے سابق چیئرمین اور معروف تاجر حاجی سمیع اللہ کو بسیمہ اور ناگ، ضلع واشک کے درمیان فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں دونوں رہنماں نے کہا کہ حاجی سمیع اللہ ایک معروف تاجر اور سماجی شخصیت تھے۔ ان کا اس طرح قتل کیا جانا نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ اس اندوہناک سانحے سے مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، تاجر برادری اور اہل پنجگور کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تاجروں، مسافروں اور عام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ شاہراہوں پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مثر اور عملی اقدامات کریں۔میر رحمت صالح بلوچ اور پھلین بلوچ نے مطالبہ کیا کہ حاجی سمیع اللہ کے قتل کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور بلوچستان بھر میں شہریوں، تاجروں اور مسافروں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنی کاروباری اور روزمرہ سرگرمیاں جاری رکھ سکیں دونوں رہنماں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی اس دکھ اور غم کی گھڑی میں مرحوم حاجی سمیع اللہ کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور تاجر برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل اور ہمت عطا فرمائے۔ آمین۔

WhatsApp
Get Alert