صوابی کے کارکن ہارون پر پی ٹی آئی کیخلاف بیان دینے کیلئے نامعلوم افراد کا مبینہ تشدد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق اسپیکر اسد قیصر نے الزام عائد کیا کہ صوابی کے کارکن ہارون پر پی ٹی آئی کیخلاف بیان دینے کیلئے نامعلوم افراد کا مبینہ تشدد کیا اور اہلِخانہ کو بھی ہراساں کیا گیا، پسند کی سیاسی جماعت سے وابستہ ہونا کیا کوئی جرم ہے؟ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صوابی کے کارکن ہارون پر نامعلوم افراد نے تشدد اور انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے خلاف بیان دینے کے لیے ہراساں کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔
سیاسی اختلاف کی بنیاد پر کسی شہری کو تشدد، دباؤ یا خوف کا نشانہ بنانا بنیادی انسانی حقوق، آئینی آزادیوں اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔
آخر ہارون کا قصور کیا ہے؟ کیا اپنے آئینی حقِ رائے دہی کا استعمال کرنا، اپنی پسند کی سیاسی جماعت سے وابستہ ہونا اور سیاسی عمل میں حصہ لینا کوئی جرم ہے؟
آخر کیوں عوام کو اپنے مقابل کھڑا کیا جا رہا ہے؟ یہی عوام ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں اور امن کے لیے بے شمار مشکلات برداشت کیں۔
یہ حقیقت فراموش نہیں کی جا سکتی کہ عوامی اعتماد اور حمایت کے بغیر دہشت گردی جیسے بڑے چیلنج کا مقابلہ کرنا کس قدر مشکل ہو جاتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہارون اور ان کے خاندان کو مبینہ ہراسانی سے تحفظ فراہم کیا جائے، واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر تشدد یا غیر قانونی دباؤ ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
سیاسی وابستگی کی بنیاد پر کسی شہری کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ نفرت، خوف اور جبر کی سیاست کو اتنی ہوا نہ دیں کہ معاشرے میں پیدا ہونے والی خلیج کو مٹانا مشکل ہو جائے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سیاسی انتقام کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ ہمارے صوبے کے منتخب وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان اگر گرفتار ہیں تو حکومت انہیں فوری طور پر عدالتوں میں پیش کرے تاکہ وہ اپنی قانونی جنگ کا آغاز کر سکیں اور اپنے دفاع کا حق استعمال کر سکیں۔
ان کی گرفتاری، مقامِ حراست اور قانونی حیثیت کے بارے میں فوری طور پر واضح معلومات فراہم کی جائیں۔ کسی بھی شہری کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر حراست میں رکھنا اور اسے اپنے دفاع کے حق سے محروم کرنا آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اسی طرح اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزراء اور پاکستان تحریک انصاف کے 2,000 سے زائد کارکنان کی گرفتاریوں اور انہیں تاحال عدالتوں میں پیش نہ کیے جانے کی اطلاعات بھی انتہائی تشویش ناک ہیں۔
حکومت تمام گرفتار افراد کو فوری طور پر متعلقہ عدالتوں میں پیش کرے، ان کے اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں آگاہ کرے اور اگر ان کے خلاف کوئی الزام ہے تو اس کا فیصلہ شفاف عدالتی کارروائی کے ذریعے کیا جائے۔ افسوس کہ آئین و قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کے بجائے سیاسی اختلاف کو انتقامی کارروائیوں کا جواز بنایا جا رہا ہے۔ منتخب عوامی نمائندوں، صوبائی وزراء اور سیاسی کارکنوں کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کریک ڈاؤن کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر ہو کر گرفتار کرنا یا اسے قانونی حقوق سے محروم رکھنا قابلِ قبول نہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام گرفتار افراد کے بنیادی، آئینی اور قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور انہیں فوری طور پر عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert