الیکٹرک بائیکس 5نومبر سےملنا شروع، طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی تقسیم 5 نومبر سے شروع ہوگی، جن میں سے زیادہ تر طالبات کو دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے لیے اب تک 12 لاکھ سے زائد رجسٹریشنز اور 4 لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ موٹر سائیکل چلانا نہ جاننے والے طلبہ کو ضلعی پولیس اور ٹریفک محکمے کے ذریعے کم از کم 2 روزہ مفت ڈرائیونگ تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

ساہیوال میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت کی الیکٹرک بائیک اسکیم کا مقصد طلبہ، خصوصاً طالبات کو تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات تک آنے جانے میں خودمختار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو اپنے والد، بھائی یا کسی دوسرے رشتہ دار کے انتظار کے بجائے خود بائیک پر سفر کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جن طلبہ کو الیکٹرک بائیک چلانا نہیں آتی، ان کے لیے ضلعی پولیس اور ٹریفک محکموں کو کم از کم 2 دن کے مفت ڈرائیونگ اسباق فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ بائیکس ملنے کے بعد وہ انہیں محفوظ طریقے سے چلا سکیں۔

مریم نواز کے مطابق اسکیم کے لیے درخواستیں طلب کی گئی تھیں، جن کے جواب میں اب تک 12 لاکھ سے زیادہ رجسٹریشنز اور 4 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال جاری ہے اور 5 نومبر کو بائیکس کی تقسیم کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت لڑکیوں کے لیے گلابی اور لڑکوں کے لیے سیاہ رنگ کی بائیکس رکھی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کو یہ یاد دلاتی ہیں کہ عوام نے حکومت پر اعتماد کیا ہے، اس لیے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترے۔

ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ محنتی اور قابل طلبہ کو صرف مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم نہیں چھوڑنی چاہیے۔ سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں یا کالجوں میں پڑھنے والے مستحق طلبہ کو تعلیمی وسائل فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وسائل پر نوجوانوں کا حق ہے اور حکومت نے ان کے لیے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی تقسیم میں کسی افسر یا سیاست دان کی سفارش نہیں مانی گئی اور طلبہ سے ان کا سیاسی پس منظر بھی نہیں پوچھا گیا۔ ان کے مطابق اس عمل میں میرٹ کو ترجیح دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے طالبات کے والدین اور بھائیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں اور بہنوں پر اعتماد کریں اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ جب لڑکیوں کو اپنے خاندان کی حمایت حاصل ہوتی ہے تو وہ بڑے مقاصد حاصل کر سکتی ہیں۔

مریم نواز نے نوجوانوں کے بڑے اجتماع کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے جذبے اور چہروں کی چمک سے انہیں یقین ہے کہ پاکستان کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں بارش کے باعث ہیلی کاپٹر کی پرواز منسوخ ہونے کے باوجود وہ سڑک کے راستے ساہیوال پہنچیں، کیونکہ وہ طلبہ کو انتظار نہیں کروانا چاہتی تھیں۔

WhatsApp
Get Alert