گورنر راج میں حصہ اور گورنرشپ نہ ملنے پر کون ناراض ہے؟ محسن نقوی کا اہم بیان

لاہور(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر راج میں حصہ اور گورنرشپ نہ ملنے پر ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ناراض ہیں۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ یہ وہی ہیں جو ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے، ان کا یہ حال تھا کہ اپنی سیاسی جماعت کے ہوائی ٹکٹ بھی اسٹیبلشمنٹ سے بنواتے تھے، ایسے سیاستدانوں کو آج دوسروں پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا، سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن الزام تراشی کے بجائے دلائل اور حقائق پر بات ہونی چاہیے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بعض سیاسی رہنماؤں کو آج سابق فاٹا کے اضلاع کے وسائل پر بہت تشویش ہے، لیکن جب کئی سال تک علاقے کو اس کا جائز حصہ نہیں مل رہا تھا تو یہ خاموش کیوں تھے؟ اُس وقت انہیں عوام کے حقوق کیلیے کوئی بیان دینا کیوں یاد نہیں آیا؟

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سابق فاٹا کے عوام کے حقوق اور وسائل کا معاملہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس وقت سنگین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، سیاسی رہنما آگ بھڑکانے کے بجائے امن و امان کی بحالی کیلیے اپنا کردار ادا کریں، سیاسی رہنما انتشار پھیلانے کے بجائے دہشتگردی کے خاتمے کیلیے کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کے پی کو اس وقت سیاسی محاذ آرائی کی نہیں بلکہ امن و استحکام کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert