فضل الرحمان کی جانب سے ایک بار پھر غیر سنجیدہ بیان دیا گیا، مولانا فضل الرحمان کو اس طرح کا بیان زیب نہیں دیتا: عظمیٰ بخاری

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ایک بار پھر غیر سنجیدہ بیان دیا گیا ہے، دہشتگردوں کے حامیوں کی حمایت افسوسناک ہے، مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت متعدد مرتبہ دہشتگردی کے حملوں کا نشانہ بنے، مولانا فضل الرحمان کو اس طرح کا بیان زیب نہیں دیتا، سوال کیا کہ فضل الرحمان ایسے غیر سنجیدہ بیانات دے کر کس کو خوش کرنے کی کوشش کررہے ہیں؟
عظمیٰ بخاری نے کہا سیاست کریں اداروں اور شہداء کی تضحیک مت کریں، مولانا فضل الرحمان نے کچھ عرصہ قبل بھی شہداء کی تضحیک کی، مولانا فضل الرحمان کے سابقہ بیان پر قوم نے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے زور دیا کہ مولانا فضل الرحمن کو اپنے بیان پر پشیمانی کا اظہار کرنا چاہیے، مولانا فضل الرحمان کے بیان سے قوم میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، ایک سینئر سیاستدان کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ بیانات ناقابل قبول ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا سابقہ فاٹا کی محرومیوں کے ذمہ دار وفاق نہیں تحریک انصاف ہے جسکی وہاں تیرا سال سے حکومت رہی، سابقہ فاٹا فنڈز اور ترقیاتی کام نہ ہونے کا سوال انکو بانی پی ٹی آئی اور انکی جماعت سے کرنا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید لکھا کہ تحریک انصاف دہشتگرد جماعتوں کی بی ٹیم ہے یہ بات اب ڈھکی چھپی نہیں رہی، وفاق نے شوق سے خیبر پختونخواہ میں گورنر راج نافذ نہیں کیا، خیبر پختونخواہ میں گورنر راج تحریک انصاف کی حکومت کی دہشتگرد دوست پالیسیوں کی وجہ سے لگایا گیا۔
