بیرون ملک عمدہ سفارتکاری کے جوہر دکھانے والے اب اندرونی دراڑیں بھرنے کیلئے کام کریں، خواجہ سعد رفیق

لاہور (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ جنہوں نے بیرونِ ملک عمدہ سفارتکاری کے جوہر دکھائے ہیں، اب ان کے لیے لازم ہے کہ وہ اندرونی دراڑیں بھرنے اور باہمی خلیج پاٹنے کے لیے ملک کے اندر بھی کامیاب سفارتکاری کا ماحول پیدا کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی استحکام کے لیے صرف بیرونی سطح پر نہیں بلکہ اندرونی محاذ پر بھی مفاہمت اور رابطوں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ذمہ داری صرف ایک فریق کی نہیں بلکہ حقوق مانگنے والوں اور سیاسی مخالفین پر بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاست اور معاملات کو چلانے کے لیے ہر کام نہ تو طاقت کے بے محابا استعمال سے ہو سکتا ہے اور نہ ہی محض سفارتکاری کے ذریعے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، بلکہ اس کے لیے متوازن اور سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert