کیپٹن رصفدر کا کینسر جیسے موذی مرض سے لڑنے والی خواتین کو مذاق بنانا افسوسناک اور شرمناک ہے، صحافی شہزاد اقبال
مریم نواز خواتین کو ریڈلائن قرار دیتی ہیں، لیکن طاقتور وزیراعلیٰ کو بھی شوہر سے اختلاف اشاروں کنایوں میں کرنا پڑ ا،کوئی اور ہوتا تو این سی سی آئی اے نوٹس دیتی یا گرفتار کرچکی ہوتی، اینکر پرسن شہزاد اقبال کا تبصرہ

لاہور(قدرت روزنامہ)اینکر پرسن ، صحافی شہزاد اقبال نے کہا کہ کیپٹن ر صفدر کا کینسر جیسے موذی مرض سے لڑنے والی خواتین کو مذاق بنانا افسوسناک اور شرمناک ہے، طاقتور وزیراعلیٰ مریم نواز خواتین کو ریڈلائن قرار دیتی ہیں، ان کو شوہر سے اختلاف اشاروں کنایوں میں کرنا پڑ ا،کوئی اور ہوتا تو این سی سی آئی اے نوٹس دیتی یا گرفتار کرچکی ہوتی۔
انہوں نے جیو نیوز کے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے جب سے پنجاب حکومت سنبھالی ہے، ان کی حکومت میں جہاں اچھے کام ہوئے ہیں وہاں کچھ کاموں پر جائز تنقید بھی ہوئی ہے۔ ایک ایسا معاملہ بھی ہے جس کو مریم نواز بہت سنجیدہ لیتی ہیں بلکہ اس کام پر ان کی تعریف بھی ہوتی ہے، پنجاب میں خواتین کے تحفظ اور انہیں خودمختار بنانے کیلئے مریم نواز اپنی ہر تقریر میں خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کی بات کرتی ہیں۔
خواتین کےحقوق مریم نوازکی ریڈلائن،جسے کیپٹن صفدر مسلسل کراس کررہے ہیں۔کینسر کا شکار خواتین سےمتعلق اخلاق باختہ گفتگو پر مریم نواز کااظہارافسوس۔ اشاروں کنایوں میں بڑی بات کہہ دی۔ https://t.co/RWrwT766jS
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) October 31, 2026
مریم نواز کے مطابق خواتین کی عزت ان کی ریڈ لائن ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔لیکن المیہ دیکھیں کہ جس ایشو کو وہ چیمپیئن کرتی ہیں، جس کو وہ اپنی ریڈلائن قرار دیتی ہیں اس ریڈ لائن کو ان کے گھر کے اندر سے ہی بار بار کراس ہورہی ہے، اور ایسا کرنے والے خود مریم نواز کے شوہر کیپٹن ر صفدر ہیں۔
جو اکثر ایسے بیانات دیتے ہیں جو نہ صرف ن لیگ اور شریف خاندان کیلئے مشکلات کھڑی کرتے ہیں بلکہ ان کیلئے شرمندگی کا باعث بھی بنتے ہیں۔
کیپٹن صفدر کبھی خواتین کے حقوق کا مذاق اڑاتے ہیں اور کبھی مذہبی اقلیتوں سے متعلق خطرناک اور نفرت انگیز باتیں کرتے ہیں، کبھی حساس اداروں کی شخصیات پر جملے بازی کرتے ہیں ، کل انہوں نے نئی حدیں پار کردیں ، کینسر جیسے موذی مرض سے لڑنے والی خواتین کو مذاق بنا دیا۔کیپٹن صفدر کا بیان افسوسناک اور شرمناک ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
کیپٹن صفدر کا بیان اس قدر غیر اخلاقی تھا کہ ان کی اہلیہ مریم نواز کو پہلی بار سوشل میڈیا پر ردعمل دینا پڑا۔ایک صوبے کی طاقتور وزیراعلیٰ کو بھی شوہر سے اختلاف اشاروں کنایوں میں کرنا پڑ رہا ہے۔کیپٹن صفدر کی جگہ اگر کسی اور نے بیان دیا ہوتا تو این سی سی آئی اے نوٹس دیتا اور گرفتار بھی کرچکا ہوتا۔بات اپنوں کی آئی تو مریم نواز کو بھی محتاط انداز میں صرف تنقید کرنا پڑی۔ لیکن اب کیپٹن صفدر کو میرا جسم میری مرضی کے نعرے کا مطلب بھی سمجھ لینا چاہئے۔
